خیبرپختونخوا میں رواں سال دہشتگرد حملوں

خیبرپختونخوا میں رواں سال دہشتگرد حملوں میں 277 افراد شہید

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں رواں سال دہشتگرد حملوں میں 277 افراد شہید جبکہ 200 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں رواں سال دہشتگرد حملوں میں 277 افراد شہید ہوئے ہیں جبکہ اس کے علاوہ 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ ان میں سب سے زیادہ 76 پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں ہونیوالی اس دہشت گرد کارروائیوں کے دوران رواں سال 65 عام شہری، فورسز کے 39 جوان اور ایف سی کے 29 اہلکار شہید ہوئے۔
ان واقعات میں جہاں شہادتیں ہوئیں وہیں زخمیوں کی تعداد بھی سینکڑوں بتائی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈی آئی خان میں ہونے والی دہشتگردوں کی کارروائیوں کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 7 افراد نے جام شہادت نوش کیا۔ باجوڑ اور شمالی وزیرستان میں 4 سیاست دانوں کو بھِی شہید کیا گیا۔ ان واقعات میں چند سیاست دان زخمی بھِی ہوئے۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری ہونیوالی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سب سے زیادہ 23 پولیس اہلکار شہید ہوئے، بنوں میں 12 جبکہ باجوڑ میں 11 اہلکار شہادت کا جام پی گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پشاور میں ہونیوالی دہشتگرد کارروائیوں کے دوران 11 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ اس دوران متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
یاد رہے کہ دہشتگردی کے واقعات کے دوران سی ٹی ڈی اور پولیس اہلکاروں سمیت عام شہری بھی شہید ہوئے جبکہ ان واقعات کے دوران 200 سے زائد افراد زخًمی بھی ہوئے ہیں.

مزید پڑھیں:  پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی ،100انڈیکس میں 318پوائنٹس کا اضافہ