خیبرپختونخوا ایپکس کمیٹی

خیبرپختونخوا ایپکس کمیٹی کا اجلاس ،بنوں امن جرگہ کے مطالبات تسلیم

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا ایپکس کمیٹی نے بنوں امن جرگہ کے تمام مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیاجس میں کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کے علاوہ بنوں جرگہ کے ارکان شریک ہوئے،اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت منعقدہ ایپکس کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران شرکاء کی جانب سے بنوں امن جرگہ کے بیشتر مطالبات کو تسلیم کیا گیا ۔
اعلامیے کے مطابق دہشت گرد ہر روپ میں قابل مذمت اوران کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اس سلسلے میںپولیس کو مسلح غیرسرکاری شخص کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی کے احکامات جاری کردیے۔
کسی بھی غیر سرکاری مسلح گروپ کے دفاتر ، اڈے یا چیکنگ غیر قانونی ہے اور ان کے خلاف پولیس صوبے بھر میں بلاتفریق ایکشن لے گی۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن سے متعلق عسکری اداروں نے واضح کردیا کہ صوبے میں کوئی آپریشن نہیں ہورہا۔
اعلامیہ کے مطابق مقامی طور پر دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی پولیس اور سی ٹی ڈی کرے گی، کچھ علاقوں کی نوعیت، جغرافیہ اور بارڈرسے نزدیک ہونے کی وجہ سے افواج پاکستان سے مدد لی جائے گی۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق پولیس کو ہمہ وقت اور باقاعدہ گشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیس کوصوبہ بھر اور خصوصی طورپرجنوبی اضلاع میں مزید نفری اور گاڑیاں فراہم کی جائیں گی ساتھ ہی نئی آسامیوں کی تخلیق میں جنوبی اضلاع کو ترجیح دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پرحملے کی کوشش ناکام، 4خودکش بمبار ہلاک