مسائل کا حل نئے الیکشن

حکومت ناکام ،مسائل کا حل نئے الیکشن میں ہے : عمر ایوب

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے تمام مسائل کا حل نئے الیکشن میں ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ 9مئی واقعات کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیج کو سامنے لایا جائے، جوڈیشل کمپلیکس کے باہر کی بھی سی سی ٹی وی فوٹیج کو غائب کر دیا گیا۔
عمر ایوب نے کہا کہ آج ہماری بانی پی ٹی آئی عمران خان سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی،پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے، قوم نئے الیکشن کی تیاری کرے، نئے الیکشن ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف، مریم نواز حکومت ڈوب گئی ہے، شہبازشریف، مریم نواز نے فوج کو آگے کر دیا ہے، ایسا نہیں ہونا چاہئے۔
عوام اور پاک فوج کو کبھی بھی آمنے سامنے نہیں آنا چاہئے، تمام مسائل کا ایک ہی حل ملک میں نئے الیکشن ہونے چاہئیں۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کل جمعہ کو باہر نکل کر پرامن احتجاج کریں، بانی پی ٹی آئی نے پنجاب کے اپوزیشن لیڈر ملک احمد بھچر کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پانچ اگست کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے، پانچ اگست جلسے کی سربراہی علی امین گنڈا پور کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں الیکشن کمیشن نے آئین کی غلط تشریح کی، چیف الیکشن کمشنر اور چاروں صوبائی الیکشن کمشنر مستعفی ہوجائیں، چیف الیکشن کمشنر پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہاکہ خواجہ آصف جیسے بندے کی کوئی حیثیت نہیں، ہمارے لوگوں کو اینٹی کرپشن کے لوگ گرفتار کر رہے ہیں، ایسے ماحول میں کیسے مذاکرات ہوسکتیہیں، شہبازشریف حکومت پاک فوج اور تحریک انصاف کو آمنے سامنے کررہی ہے۔

مزید پڑھیں:  کئی نیب ترامیم کے معمار عمران خان خود تھے: تفصیلی فیصلہ