عدلیہ بقا کی جنگ

عدلیہ پی ٹی آئی کی نہیں اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، فواد چودھری

ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ عدلیہ پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، اعظم نذیر تارڑ، آصف زرداری اور نواز شریف تاریخ کی غلط سمت پر کھڑے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے دنیا نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اور نوازشریف کو سوچنا ہوگا کہ کیا وہ مارشل لا نافذ کرنے والے طالع آزما کی صف میں کھڑا ہونا چاہتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو یہ لگا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پولیس اور نیب کی طرح ہمیں بھی اپنے ماتحت کرنا چاہتی ہے۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ اللہ کرے کہ عظمی بخاری کے خلاف کمپین چلانے والے پکڑے جائیں۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 13 ہونی چاہئے، 17 کی تعداد بھی ایک جج صاحب کے شوق کی وجہ سے ہوئی، سپریم کورٹ میں 56 ہزار کیسز جانا ہمارے نظام انصاف کی ناکامی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت سے گزارش کروں گا کہ اپنے لوگوں سے پوچھیں کہ آج عدالت میں کیا ہوا ہے؟ اگر آپ عدالت کے سامنے ٹھیک ثبوت نہیں رکھیں گے تو وہ کیا فیصلہ کرے گی؟
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر ملزم کا ریمانڈ دیتے وقت جج کے سامنے پیش ہی نہیں کرنا تو اس کا کیا فائدہ ہے؟ اب اگر بانی پی ٹی آئی کا ریمانڈ لینا ہے تو انہیں ذاتی طور پر پیش کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں:  پشاور ہائیکورٹ: وائس چانسلرتعیناتی عمل دوبارہ شروع کرنا کالعدم قرار