اجناس منڈیوں کا الٹی میٹم

ود ہولڈنگ ٹیکس مسترد،اجناس منڈیوں کا حکومت کو 5روز کا الٹی میٹم

ویب ڈیسک: پاکستان بھر کی اجناس منڈیوں کے صدور نے دالوں اور چاول پر ودہولڈنگ ٹیکس کو مسترد کرتے ہوئے حکومت کو پانچ روز کی مہلت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق جوڑیا بازار میں اجناس منڈیوں کے تاجروں کا مشترکہ ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ود ہولڈنگ ٹیکس کو مسترد کرتے ہوئے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کیاگیا ۔
چیئرمین کراچی گروسرز اینڈ ہول سیلرز عبد الروف ابراہیم نے کہا کہ دالوں اور چاول پر ود ہولڈنگ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے لیے ریٹیلرز اور ڈیلرز سے شناختی کارڈ اور ٹیکس اکٹھا نہیں کریں گے، دالوں اور چاول کی قیمتوں میں دس سے پندرہ روپے فی کلو اضافہ ہوجائے گا۔
تاجر رہنما محمود مولوی نے کہا کہ حکومت ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کرے ، راتوں رات ٹیکسوں کے نظام کو تبدیل نہ کیا جائے، ملک میں ٹیکسوں کا سسٹم صحیح ہوجائے تو سب فائلرز ہوجائیں گے۔
عبد الرئوف ابراہیم نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر مذاکرات کریں ورنہ ہڑتال پر چلے جائیں گے، کیا پیڑولیم ڈیلرز اور فلور ملز کی طرح ہڑتال کریں تب حکومت بات سنے گی۔
عبدالروف ابراہیم نے مزید کہا کہ 30 جولائی کو ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف احتجاج کے حتمی لائح عمل کا اعلان کیا جائیگا لاہور ہائی کورٹ میں کل ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف درخواست دائر کریں گے۔

مزید پڑھیں:  اسلام آباد میں 16سال بعد پولیو کیس رپورٹ، ملک بھرمیں تعداد 17ہوگئی