تحریک انصاف اور جماعت اسلامی

تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا احتجاج، اسلام آباد میں‌دفعہ 144نافذ

ویب ڈیسک: تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا احتجاج کے سبب اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سیل کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال اور جماعت اسلامی کے دھرنے کے پیش نظر وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا احتجاج کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون سیل کرتے ہوئے ڈی چوک میں کنٹینرز پہنچا دیئے۔
اس دوران ضلع انتظامیہ نے مری روڈ کو بھی مکمل طور پر بند کر دیا، اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد ایکسپریس وے پر بھی کنٹینرز لگا دیئے گئے۔ مرکزی شاہراہیں بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یاد رہے کہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے مہنگے بجلی معاہدوں، اووربلنگ کے خلاف اسلام آباد ڈی چوک پر دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے جس میں شرکت کیلئے لوگ بڑی تعداد میں اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ شہر اقتدار میں دھرنا پرامن ہوگا، اس دوران دھرنا شرکاء ریلیف لئے بغیر واپس نہیں آئیں گے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت دھرنے میں رکاوٹ نہ ڈالے، حالات خراب ہوئے تو اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بجلی کا بل ادا کرنے کیلئَے لوگ اپنے گھر کی چیزیں بیچ رہے ہیں، عوام آئی پی پیز سے چھٹکارا چاہتے ہیں جبکہ حکومت کو پرواہ ہی نہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے جماعت اسلامی کے دھرنے کے پیش نظر ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا۔ اس مقصد کیلئے اسلام آباد کے نادرا چوک، سرینا چوک، ایکسپریس چوک پر کنٹینرز لگا دیئے گئے۔ اس سے راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ سے کسی احتجاج کی اجازت نہیں۔ دوسری جانب دھرنے کے پیش نظر پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس نے چھاپے مار کر متعدد رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے۔

مزید پڑھیں:  دیر میں معمولی تکرار پر فائرنگ، چچا بھتیجا جاں بحق، 2 افراد زخمی