سمندری طوفان گیمی چین سے ٹکرا

سمندری طوفان گیمی چین سے ٹکرا گیا، شدید بارشوں کا امکان

ویب ڈیسک: سمندری طوفان گیمی چین سے ٹکرا گیا، شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا جانے لگا ہے، چین کے صوبے فوجیان سے ٹکرانے سے قبل سمندری طوفان گیمی تائیوان میں تباہی مچاتے ہوئے کئی قیمتی جانیں بہا لے گیا۔
چینی محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان گیمی کے زیر اثر فوجیان کے ساحلی علاقوں میں شدید بارشیں جاری ہیں، اس کے بعد یہ طوفان کم شدت کے ساتھ شمال کی طرف جائے گا۔ ان شمالی علاقوں میں بھی شدید بارشیں ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق تائیوان میں سمندری طوفان کے زیراثر موسلادھار بارشیں ہوئیں جن میں مختلف حادثات کے دوران 3 افراد ہلاک جبکہ 260 سے زیادہ زخمی ہوئے۔
تائیوان میں دوسرے روز بھی سکول، دفاتر، کاروبار بند اور ٹرین سروس معطل رہی جبکہ اندرون اور بیرون پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
تائیوان میں اس طوفان کے باعث تقریباً 5 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوگئے، اس سے فلپائن میں بھی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ واقعات رونما ہوئے جس میں 22 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ تائیوان کے بعد اب سمندری طوفان گیمی چین سے ٹکرا گیا جس سے شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور حفاظتی تدابیر کیلئے بھی کوشیں کی جا رہی ہیں.

مزید پڑھیں:  پشاور :قلعہ بالا حصار میں یوم دفاع و شہداء کے حوالے سے تقریب