دھرنوں کا اعلان

جماعت اسلامی کو دھرنا جاری رکھنے کی مشروط اجازت مل گئی

ویب ڈیسک: راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جماعت اسلامی کو مری روڈ پر 2سے 3روز تک دھرنا جاری رکھنے کی مشروط اجازت مل گئی۔
راولپنڈی میں جماعت اسلامی کی مقامی قیادت اورضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد جماعت اسلامی کو مری روڈ پر ہی دھرنا جاری رکھنے کی مشروط اجازت مل گئی۔
ذرائع نے بتایاکہ جماعت اسلامی ٹریفک بلاک اورامن عامہ میں خلل ڈالے بغیراحتجاج اور دھرنا دے گی۔
ذرائع کا کہنا تھاکہ مذاکرات میں ڈی سی، سی پی او اور آر پی او راولپنڈی سمیت سینیئر حکام موجود تھے۔
جماعت اسلامی کی جانب سے مری روڈ راولپنڈی، زیرو پوائنٹ اسلام آباد، چونگی نمبر 26 اور لیاقت باغ کے باہر احتجاج جاری ہے۔
آئی ایٹ میں کارکنوں سے خطاب میں حافظ نعیم نے کراچی سے چترال تک دھرنوں کا اعلان کیا اور کہا کہ عوام کو ریلیف ملنے تک احتجاج جاری رہے گا۔
قبل ازیں حکومت کی جانب سے راستوں کی بندش اور کارکنوں پکڑ دھکڑ کے بعد جماعت اسلامی نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے 3 مقامات پر دھرنوں کا اعلان کردیاتھا ۔
جماعت اسلامی کے دھرنے کی کال کے بعد ریڈ زون اور راولپنڈی سے دارالحکومت آنے والے راستوں کنٹینر لگاکر بند کردیا گیا۔
پنڈی میں میٹرو بس سروس بھی بند کردی گئی ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پولیس کی جانب مختلف مقامات سے جماعت اسلامی کے کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا تھاکہ حکومت فسطائیت پر اتر آئی، تشدد اور گرفتاریوں کی مذمت کرتیہیں اور اب تک 1150 کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ بجلی کے بلوں میں کمی اورتنخواہ دارپرٹیکس ختم کرنے تک دھرنا جاری رہے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے جماعت اسلامی سے بات کرنے کیلئے مذاکراتی ٹیم تشکیل دینے پر رضامندی ظاہر کردی۔
انہوں نے کہا کہ لیاقت باغ میں احتجاج پر اتفاق کے بعد اسلام آباد کی جانب مارچ کا کوئی جواز نہیں، حکومت حافظ نعیم الرحمان کے ساتھ مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہے۔

مزید پڑھیں:  مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پرحملے کی کوشش ناکام، 4خودکش بمبار ہلاک