حکومت کو ہر صورت گرانا

موجودہ کرپٹ حکومت کو ہر صورت گرانا ہے،محمود خان اچکزئی

ویب ڈیسک: چیئرمین پختونخوا میپ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ موجودہ کرپٹ حکومت کو ہر صورت گرانا ہے، میں اللہ کے سوا کسی طاقت کو نہیں مانتا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اب کچھ بھی ہو جائے اس حکومت کو نہیں رہنے دینا، کوئی ہمیں گالی نہ دے، گالیاں دینا ہمیں بھی آتی ہیں، جو مظلوم کا ساتھ نہیں دے گا وہ ہمارا ساتھی نہیں ہوسکتا۔
چیئرمین پختونخوا میپ نے کہا کہ ہم نے یہ اتحاد کسی کے خلاف نہیں بنایا،اس ملک کی جڑیں ملک میں رہنے والوں نے خود کھوکھلی کر دی ہیں۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک بربادی کی طرف جائے، ملک بہت کمزور ہو چکا ہے، آئیں پاکستان کو ایسا جمہوری ملک بنائیں جہاں عدل ہو، انصاف کا بول بالا ہو ،طاقت کا سرچشمہ پارلیمنٹ ہونی چاہیے۔
چیئرمین پختونخوا میپ کا مزید کہنا ہے کہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہم غلاموں کی طرح نہیں رہیں گے، ملک میں دہشت گردی کسی بھی صورت میں ہو ہم اس کی مخالفت کریں گے۔

مزید پڑھیں:  شبلی فراز نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو این آر او ٹو قرار دے دیا