جماعت اسلامی کا دھرنا

جماعت اسلامی کا دھرنا جاری، حکومت سے مذاکرات پر اتفاق

ویب ڈیسک: راولپنڈی میں جماعت اسلامی کا لیاقت باغ میں دھرنا آج دوسرے روز بھی جاری ،حکومت نے مذاکرات کے لئے کمیٹی بنا دی ۔
جماعت اسلامی کے دھرنے کے باعث ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا اعلان کردیاجس کے تحت 4متبادل راستے بنائے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق مری روڈ پر ٹریفک جنگ بلڈنگ یوٹرن سے موڑا گیا ہے، ڈی اے وی کالج چوک راجہ بازار پر متبادل راستہ دیا گیا ہے اور ایجوکیشن یوٹرن سے ٹریفک مری روڈ پر موڑا گیا ہے جب کہ صدر کی طرف جانے والی سڑک کو راول روڈ کی جانب سے موڑا گیا۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کے دھرنے کے سبب بند ایکسپرس وے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے اور فیض آباد انٹرچینج پر رکھے کنٹینرز کو بھی سڑک سے ہٹا کر سائیڈ پر رکھ دیا گیا جب کہ راولپنڈی میں میٹرو بس سروس دوسرے روز بھی معطل ہے ۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے حکومت کی مذاکرات کی پیشکش قبول کر لی، جماعت اسلامی کی قیادت پر مشتمل کمیٹی حکومت سے مذاکرات کرے گی۔
حکومت نے بھی جماعت اسلامی سے مذاکرات کیلئے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، طارق فضل چودھری اور امیر مقام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے تک جماعت اسلامی کا دھرنا جاری رہے گا۔
مری روڈ لیاقت باغ چوک پر جماعت اسلامی کے کارکن دوبارہ جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں،سڑک پر ہی شب بسر کرنے والے کارکنوں میں نوجوانوں کے ساتھ بزرگوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔

مزید پڑھیں:  عدلیہ بغیر دباو کے آزاد فیصلے کر رہی ہے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ