تاجروں کی دھمکی

ملک بھر کے تاجروں کی حکومت کیخلاف سڑکوں پر آنے کی دھمکی

ویب ڈیسک: مہنگائی اور آئے روز کے ٹیکسز سے نالاں ملک بھر کے تاجروں نے حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے کی دھمکی دے دی ۔
اس سلسلے میں آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کی جانب سے ملک بھر کے تاجروں کو احتجاج کے لیے تیاری کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان بھر کی تاجر برادری نے حکومت کی طرف سے متعارف کرائی گئی تاجر دوست ٹیکس اسکیم کو نہ صرف مسترد کر دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سکیم کو تاجر دشمن قرار دیتے ہوئے ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تاجر دوست ٹیکس اسکیم ایس آر او واپس لے اور تاجر نمائندوں کی تجاویز پر مذاکرات کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کی طرف سے ویلیوایشن ٹیبل ناقابل عمل اور چھوٹے شہروں و اسلام آباد، لاہور، کراچی، ملتان، کوئٹہ، پشاور، فیصل آباد سمیت مختلف مارکیٹوں کے ساتھ زیادتی ہے۔
اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے تاجروں سے کہہ دیا ہے کہ وہ احتجاج اور شٹر ڈاون کی تیاری کریں۔ تاجر دوست اسکیم قطعی طور پر نافذ نہیں ہونے دیں گے۔
تاجران خیبر پختونخوا کے صدر ملک مہر الٰہی ،انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ، انجمن تاجران سندھ کے صدر عبدالقیوم قریشی، چیئرمین سندھ تاجر اتحاد جمیل احمد پراچہ، انجمن تاجران آزاد کشمیر کے صدر افتخار فیروز، انجمن تاجران جنوبی پنجاب کے صدر طارق کریم کے ساتھ آن لائن مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 70 فیصد خریداری میں کمی ہو چکی ہے۔
تاجر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ بجلی بلز نے تاجروں کی کمر توڑ دی ہے ایسے حالات میں کاروبار کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے اور حالات یہی رہے تو تاجر کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت میں پولیس اہلکار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید