ملوث ہونے کاتاثر مسترد

اسماعیل ہنیہ پر حملے میں امریکا کے ملوث ہونے کاتاثر مسترد

ویب ڈیسک: امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ پر حملے میں امریکا کے ملوث ہونے کے تاثر کو مسترد کردیا ہے ۔
سنگاپور کے دورے کے دوران غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ نو ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کا واحد حل جنگ بندی معاہدہ ہے اور امریکا اس کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ کا کہنا تھا کہ مشرق وسطی میں کشیدگی کم کرنے کا بہترین طریقہ جنگ بندی معاہدہ ہے۔
انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ غزہ کے لوگوں کی مشکلات کو کم کرنا اور مغوی کی رہائی کی کوششیں کرنا بہت اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی کوشش ہے کہ غزہ جنگ کو دیگر علاقوں تک پھیلنے سے روکا جائے۔
خیال رہے کہ آج ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید ہوگئے۔
حماس نے تہران میں کیے جانے والے اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی تصدیق کی جب کہ حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔

مزید پڑھیں:  امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا ملین مارچ کا اعلان