انتقام کی علامت سرخ پرچم

اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ایران میں انتقام کی علامت سرخ پرچم لہرا دیاگیا

ویب ڈیسک: تہران میں مقبوضہ فلسطین کی مزاحتمی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد انتقام کی علامت سرخ پرچم لہرا دیاگیا۔
ایرانی پریس ٹی وی کے مطابق ایران کے مذہبی اہمیت کے حامل اہم شہر قم کی مسجد جمکران میں ایرانی روایات کے مطابق انتقام کی علامت سرخ پرچم بھی لہرادیا گیا ہے۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ آج ایرانی دارالحکومت تہران میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے، وہ ایرانی صدر محمود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے تہران میں موجود تھے۔
ایران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تین روز کے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے اور پاسداران انقلاب نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا سخت اور دردناک جواب دیا جائے گا۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا تہران کا فرض ہے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی قیادت کی ملاقات،مشترکہ احتجاج کا اعلان