بجلی مزید 1 روپے75 پیسے مہنگی

بجلی مزید 1 روپے75 پیسے مہنگی، نیپرا نے منظوری دیدی

ویب ڈیسک: مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پر بجلی بم گرا دیا گیا، بجلی مزید 1 روپے75 پیسے مہنگی کر دی گئی، اس حوالے سے نیپرا نے منظوری دیدی۔
نیپرا نے چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مزید 1 روپے75 پیسے مہنگی کر دی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مالی سال 24-2023ء کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 75 پیسے اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ نیپرا اتھارٹی نے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔
24-2023ء کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 0.93 روپے فی یونٹ اگست میں ختم ہوجائے گی۔
نیپرا ذرائع کے مطابق ستمبر کے بلوں میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 0اعشاریہ82 روپے کا اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب جولائی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
اس حوالے سے نیپرا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف ستمبر کے بلوں میں دیا جائے گا، اس کے برعکس جون کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ 2 روپے 56 پیسے اضافے کے ساتھ اگست کے بلوں میں وصول کی گئی ہے۔
نیپرا ذرائع نے مزید کہا ہے کہ ستمبر کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 93 پیسے کی کمی ہوگی، دونوں ایڈجسٹمنٹ ملا کر صارفین کو ستمبر کے بلوں میں 2 روپے 11 پیسے فی یونٹ ریلیف ملے گا۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی اراکین کی سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات طے