غزہ میں اقوام متحدہ کے سکول

غزہ میں اقوام متحدہ کے سکول پربمباری،انروا کے 6 اہلکار شہید

ویب ڈیسک: غزہ میں اقوام متحدہ کے سکول پر بمباری کرتے ہوئے اسرائیلی افواج کے ہاتھوں انروا کے 6 اہلکار شہید ہو گئے۔
اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا نے کہا ہے کہ وسطی غزہ میں یو این کے ماتحت ایک سکول پر اسرائیلی حملے میں ایجنسی کے 6 اہلکار شہید ہو گئے۔
انروا کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ اب تک کا اسرائیل کا سب سے شدید حملہ تصور کیا جا سکتا ہے کیونکہ اس ایک حملے میں 6 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔
غزہ کے سول ڈیفنس ایجنسی کے ماتحت النصیرات کیمپ میں ہسپتال ذرائع نے بتایا ہے کہ یو این کے الجونی سکول پر اسرائیلی حملے میں 14 افراد شہید ہوگئے۔
اس سکول میں ہزاروں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی ہے اور اس پر بمباری سے بڑی تعداد میں لوگوں کے شہید ہونے کا احتمال ہے۔
انروا نے واضح کیا ہے کہ یہ گزشتہ 11 ماہ کے دوران پانچویں بار ہے جب اسرائیلی افواج کی جانب سے بے گھر فلسطینیوں کیلئے پناہ گاہ بنے اقوام متحدہ کے سکول پر حملہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے غزہ میں سویلینز اور اقوام متحدہ کی فیسلٹیز پر اسرائیل کے ہوائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

مزید پڑھیں:  ہری پور: بیڑ گاؤں عمگاہ پرائمری سکول کے بچے فرش پر بیٹھنے پر مجبور