112233

ہواوے کا 108 میگا پکسل کیمرا فون متعارف کرانےکا اعلان

ویب ڈسک : ہواوے کا نیا فلیگ شپ میٹ 40 اس کمپنی کا پہلا فون ہوگا جس میں 108 میگا پکسل کیمرا دیا جائے گا۔

 ٹیکنالوجی ویب سائٹ  کے مطابق ہواوے کی جانب سے  میٹ 40 سیریز کے فونز میں متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے جائیں گے جبکہ سام سنگ اور شیاؤمی کے بعد اب  ہواوے بھی 108 میگا پکسل کیمرا پیش کرنے والی کمپنیوں میں شامل ہوجائے گی ۔

رپورٹ میں ہواوے کی سپلائی چین کے لیے کام کرنے والے افراد کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس نئے فلیگ شپ فون میں 108 میگا پکسل کیمرا 9 پی لینس کے ساتھ ہوگا جو زیادہ صاف اور مستحکم فوٹو کھینچنے میں مدد دے گا اور دیگر کمپنیوں کے 108 میگاپکسل کیمروں سے زیادہ طاقتور ہوگا۔

ہواوے کی جانب سے فلیگ شپ فونز میں کیمروں پر خاص توجہ دی جاتی ہے، رواں سال پی 40 پرو کو بھی اسمارٹ فون کیمروں کی درجہ بندی کرنے والی کمپنی ڈی ایکس مارک نے سرفہرست قرار دیا تھا۔

گزشتہ سال میٹ 30 سیریز کے دوفونز میں ہائی اسپیسڈ کیمرا موڈیول دیئے گئے تھے اور میٹ 30 پرو میں 40 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 40 میگا پکسل وائیڈ اینگل، 8 میگا پکسل ٹیلی فوٹو اور تھری ڈی ڈیپتھ کیمرے دیئے گئے تھے۔

اس سے قبل اپریل میں جی ایس ایم ایرینا نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ میٹ 40 سیریز کے فونز میں کیرین 1030 پراسیسر دیا جائے گا جو 30 فیصد کم پاور استعمال کرنے میں مدد دے گا۔

ہواوے کے نئے فلیگ شپ فونز اکتوبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے اور اس کے دوران مزید لیکس میں اس کی تفصیلات بھی سامنے آئیں گی۔

امریکی پابندیوں کے نتیجے میں چینی کمپنی ہواوے کو گوگل ایپس اور سروسز سے محرومی کے باعث مختلف ممالک میں فونز کی فروخت میں کمی کا سامنا ہوا۔

تاہم یہ کمپنی مسلسل کوشش کررہی ہے کہ کسی طرح امریکی ٹیکنالوجی پر انحصار ختم کردیا جائے اور گزشتہ سال اگست میں اپنا آپریٹنگ سسٹم ہارمونی او ایس بھی متعارف کرایا تھا۔