shibli

حکومت صارفین کو ارزاں نرخوں پر بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے:شبلی فراز

اطلاعات ونشریات کے وزیرشبلی فرازنے کہاہے کہ حکومت صارفین کو ارزاں نرخوں پر بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے۔
بجلی کے با رے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزادقاسم کے ہمراہ اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئی پی پیزکے ساتھ بنیادی معاہدہ طے پاچکا ہے جوصارفین کو سستی بجلی کی فراہمی کی جانب پہلابڑاقدم ہے۔
وفاقی وزیرنے کہاکہ آئی پی پیزکے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ کی پیداواری صلاحیت کے مطابق صرف اتنی ہی بجلی کی قیمت کی ادائیگی کی جائیگی جوحاصل کرنے کے بعداستعمال ہوگی۔
اسی طرح منافع کی رقم ماضی کی طرح ڈالرکی بجائے روپے میں دی جائے گی۔
شبلی فرازنے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے ذاتی مفادات کے لئے آئی پی پیزکے ساتھ مہنگے نرخوں پربجلی پیدا کرنے کے معاہدے کئے۔
انہوں نے کہاکہ ان معاہدوں نے صارفین کونہ صرف بجلی کی زیادہ قیمت اداکرنے پرمجبور کیا بلکہ بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافے کی وجہ سے درآمدات بھی متاثر ہوئیں۔
وفاقی وزیرنے وعدہ کیاکہ دوہزارتئیس میں حکومت صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گی کیونکہ وہ مزید مہنگی بجلی خریدنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

مزید پڑھیں:  رسالپور پولیس اور رہزنوں میں جھڑپ، رہزن ہلاک، اہلکار زخمی