sales tax

خیبرپختونخوا میں سیلز ٹیکس کی شرح میں نمایاں کمی کا اعلامیہ جاری

ویب ڈیسک (پشاور): خیبرپختونخوا میں سیلز ٹیکس کی شرح میں نمایاں کمی کا اعلامیہ جاری کردیا ، خیبرپختونخوا حکومت نے مفاد عامہ اور صوبے میں تجارت اور ٹیکس کلچر کے فروغ کیلئے خدمات کی فراہمی سے وابستہ مختلف شعبہ جات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں نمایاں کمی کا اعلامیہ جاری کردیا، خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی( کیپرا) کے مطابق صوبے میں خدمات کی فراہمی سے وابستہ کل 29 شعبہ جات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں زبردست کمی لائی گئی ہے، خدمات کے شعبے سے وابستہ 10 شعبہ جات پر سیلز ٹیکس کی شرح کو 15 فیصد سے کم کر کے صرف 2 فیصد کر دیا گیا، 5 شعبہ جات پر ٹیکس کی شرح کو 15 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کر دیاگیا ہے، 6 مختلف شعبوں پر سیلز ٹیکس کی شرح کو 15 فیصد سے کم کرکے 10 اور 8 فیصد کر دیا گیا ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے ہوٹل، ریسٹورانٹ، سرائے اور مہمان خانے جن پر سیلز ٹیکس کی شرح 15 فیصد سے کم کرکے 8 فیصد کر دیا گیا، ٹیکس کی شرح میں رعایت کا بنیادی مقصد عوامی مفاد اور صوبے میں کاروبار کرنے والے افراد کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے، ڈی جی کیپرا کا کہنا تھا کہ ٹیکس پیکج سے صوبے میں ٹیکس کلچر کو فروغ ملے گا، جس سے صوبہ خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔
اعلامیہ کے مطابق ریسٹورنٹ اینوائس منیجمنٹ سسٹم استعمال کرنے والے ہوٹلوں پر سیلز ٹیکس کی شرح 5 فیصد ہوگی، ہوائی اڈوں، ڈرائی پورٹس، کنٹینر ٹرمینل اور گودام وغیرہ پر سیلز ٹیکس کی شرح کو 15 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد مقرر، سڑک کے کنارے کام کرنے والے مستری خانوں پر ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کر دی گئی ہے، صنعتی ورکشاپ کی خدمات پرسیلز ٹیکس کی شرح کو 10 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کر دیا گیا ہے، بیوٹی پارلرز پر ٹیکس کی شرح کو 8 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کر دیا گیا ہے، آلات کی فراہمی، سامان کی ترسیل، کارگو سروسز، انشورینس، نیلامی اور کاروبار سے منسلک دیگر شعبوں میں خدمات فراہم کرنے والے اداروں پر سیلز ٹیکس کی شرح کو 15 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کر دیا گیا ہے، پراپرٹی ڈیلرز، گاڑیوں کی خرید و فروخت کرنے والے باگین، کار واش، کال سینٹرز اور ڈیجیٹل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے میں خدمات سے وابستہ اداروں اور افراد پرسیلز ٹیکس کی شرح کو5 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی ،پاک فضائیہ نے فرائض سنبھال لیے