jmmms 1

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی جیت۔سریز نیوزی لینڈ کے نام

ویب ڈیسک : تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرا دیا ، تاہم سیریز 1-2 سے نیوزی لینڈ کے نام ہوگئی۔

تیسرےاور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے 174 رنز کا مقررہ ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 2 گیند قبل حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 89 اور محمد حفیظ 41 رنز بناکر نمایاں رہے۔ افتخار احمد 14 اور حسین طلعت  بغیر کوئی رن بنائے ناقابل شکست رہے۔

خوشدل شاہ 13 ، حیدر علی 11 اور فہیم اشرف 2 رنز بناسکے جبکہ کپتان شاداب خان کوئی رن نہ بناسکے ۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی اور اسکاٹ کگلین نے 2،2 جبکہ کائل جیمیسن اور جمی نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے تھے۔

ڈیون کونوے63 ،ٹم سیفرٹ 35 اور گلین فلپس 31 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3 جبکہ حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی نصف سنچری اسکور پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ کو سیریز  میں 2 نصف سنچریز بنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔