شادی میں خواتین کی بحث

شادی میں خواتین کی بحث و تکرار شدت اختیار کر گئی ،ایک شخص قتل 3 زخمی

پشاور کے نواحی علاقے کسٹم چوک باڑہ گیٹ میں شادی کی ایک تقریب میں خواتین کے درمیان بحث و تکرار کے بعد گولیاں چل گئیں جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ فائرنگ واقعہ کے بعد شادی والا گھر ماتم کد ے میں بدل گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ پشتہ خرہ پولیس کے مطابق باڑہ گیٹ میں صبح کے وقت شادی کی تقریب جاری تھی اس دوران خواتین رشتہ داروں کے درمیان کسی بات پر بحث و تکرار شروع ہوگئی۔ بعد میں ان کے مردوں نے بھی مداخلت کی جس سے معاملہ مزید الجھ گیا، پولیس نے بتایا ہے کہ فریق اول محمد آصف اور فریق دوم مزمل کے درمیان مستورات کے تنازعہ پر پستول نکال لئے گئے اور فائرنگ کی گئی جس سے 4افراد اسحاق، طاہر، جنید اور الطاماش زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم اسحاق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مقتول کی نعش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے۔ فریقین آپس میں رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔ پشتخرہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فریقین سے دو افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لئے کارروائی جاری ہے ۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں آئل ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق