30 سال سےزائدعمرافرادکی کوروناویکسینیشن کیلئےرجسٹریشن کھولنےکا فیصلہ

ویب ڈیسک (اسلام آباد)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ16 مئی سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے کورونا وائرس کی ویکسین کی رجسٹریشن کھول دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کی سپلائی میں بہتری آ رہی ہے، وفاق کی تمام اکائیوں میں ویکسین کی استعدادِ کار بڑھ رہی ہے۔

گزشتہ روز اسد عمر نے ٹویٹ کیا کہ 12 مئی سے تمام 40 سے زیادہ عمر والے رجسٹرڈ افراد کسی بھی ویکسینیشن سینٹر میں جا کر ویکسین لگوا سکیں گے۔

انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی تھی کہ 40 سال سے کم عمر لوگوں میں موت کی شرح دوسری لہر کے دوران بڑھ گئی ہے۔ اس سے پہلے ، یہ 1 فیصد تھی لیکن اب 1.8 فیصد ہوچکی ہے۔

ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔

اسد عمر نے کہا ہے کہ چین کے تعاون سے پاکستان میں کین سائنو فارم کی ویکسین کی تیاری آخری مراحل میں ہے مئی کے آخر تک ویکسین استعمال کے لیے دستیاب ہوگی۔

ویکسینیشن کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جا چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔