احساس راشن پروگرام

احساس راشن پروگرام کی رجسٹریشن کل سے

ویب ڈیسک: احساس راشن پروگرام کی رجسٹریشن کل سے شروع ہو جائے گی اور رجسٹریشن کا عمل 3 سے 4 ہفتوں میں مکمل ہوجائے گا۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم کے اعلان کردہ احساس راشن پروگرام کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ غریب خاندان جن کی ماہانہ آمدنی 31 ہزار روپے سے کم ہے ان کی رجسٹریشن پیر سے شروع کردی جائے گی۔

ثانیہ نشتر کے مطابق اس مقصد کیلئے ایک ویب پورٹل بنایا جائے گا اور مستحق خاندان روز مرہ استعمال کی اشیا مثلاً آٹا، دالیں، تیل، چینی وغیرہ یوٹیلیٹی اسٹور اور پرچون کی دکانوں سے سستے داموں خرید سکیں گے۔گلی محلوں میں کھلی چھوٹی پرچون کی دکانیں بھی اگر رجسٹرڈ اور اس نظام میں مجاز ہوئیں تو وہ بھی یہ سہولت فراہم کر سکیں گی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے مطابق احساس سماجی اقتصادی رجسٹری سروے مکمل ہوچکا جسے اس غریب نواز پروگرام کے سلسلے میں مستحق خاندانوں کی نشاندہی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  پولیس اہلکار کو گاڑی کے نیچے روندنے والی خاتون کو جیل بھیج دیا گیا

انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن کا عمل 3 سے 4 ہفتوں میں مکمل ہوجائے گا، اس سے مستفید ہونے کے لیے قومی شناخت کارڈ پر رجسٹرڈ فون نمبر درکار ہوگا جو اشیا کی خریداری سے قبل خاص اسٹورز پر دیا جائے جس کے بعد شہری سستے داموں اشیا حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 2کروڑ رجسٹرڈ خاندانوں میں ہر ماہ ایک ہزار روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی، یہ رقم ایک ماہ استعمال نہ ہونے پر آئندہ ماہ بھی استعمال کی جاسکے گی۔

مزید پڑھیں:  افغان شہریوں کو شناختی کارڈ کا اجرا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا گرفتار

انہوں نے کہا کہ وہ ریٹیل اسٹورز جو اس پروگرام میں رجسٹرڈ ہونا چاہتے ہیں ان کی تصدیق کی جائے گی جس کے لیے ان کا بینک اکاؤنٹ درکار ہوگا تاکہ سبسڈی کی رقم وصول کرسکیں۔