خیبرپختونخوا نیا پاکستان کارڈ

خیبرپختونخوا میں کل سے نیا پاکستان کارڈ کا اجراء ہوگا

ویب ڈیسک( پشاور)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی لازوال ہے اور ہر آنے والا دن اسے مزید مستحکم اور مضبوط بنا رہا ہے۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کل خیبرپختونخوا سے نیا پاکستان کارڈ کا اجراء کریں گے۔ اس ایک کارڈ سے صحت سہولیات، کسان کارڈ اور احساس راشن پروگرام کے تحت ملنے والی تمام سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔ صحت کارڈ کا اجراء خیبرپختونخوا سے ہوا تھا اور وزیراعظم عمران خان نیا پاکستان کارڈ کا اجراء بھی یہاں سے کریں گے۔

معاون خصوصی اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار چائنہ ونڈو پشاور کے دورے اور بعد ازاں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔انہوں کا کہنا تھا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور اہل پاکستان نے بھی کبھی چینی عوام کو مایوس نہیں کیا۔ اس میں کوئی شک نہیں دونوں ملکوں کے درمیان دوستی سمندر سے گہری، ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے اس دوستی کی ایک مثال چین پاک اقتصادی راہداری ہے جس پر کام تیزی سے جاری ہے اور وہ دن دور نہیں جب سی پیک پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

مزید پڑھیں:  یوسین بولٹ رواں سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے سفیر مقرر

بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ میڈیا بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کل ایک روزہ دورے پر پشاور آئیں گے جہاں وہ نیا پاکستان کارڈ کا اجراء کریں گے۔ یہ حکومت کا اسلامی فلاحی ریاست کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔ اس ایک کارڈ سے حکومت کی جانب سے شروع تمام عوامی فلاحی پروگرامز استعمال ہوں سکیں گے جن میں احساس راشن پروگرام، کسان کارڈ، صحت کارڈ پلس سب شامل ہوں گے۔

ہر خاندان کا اپنا مخصوص کیو آر کوڈ ہو گا جس کے ذریعے وہ متعلقہ پروگرام سے مستفید ہوگا۔ انہوں کا کہنا تھا کہ احساس راشن پروگرام کی کل لاگت 120 ارب ہے۔ اس پروگرام کا سب سے پہلے صوبہ خیبرپختونخوا سے آغاز ہو رہا ہے جو کہ یہاں کے عوام کے لیے ایک اعزاز ہے۔ اس سے قبل صحت کارڈ کا اجراء بھی سب سے پہلے یہاں سے ہوا تھا جو کہ دیگر صوبے بھی شروع کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور، خیبرپختونخوا میں مقیم افغان باشندوں کی میپنگ آخری مرحلہ میں داخل

بیرسٹرسیف نے کہا کہ احساس راشن پروگرام  کے تحت 2 کروڑ خاندان اور تقریباً 13 کروڑ افراد مستفید ہوں گے جو کہ ملک کی کل آبادی کا تقریباً 53 فیصد بنتا ہے۔ احساس راشن پروگرام کے حوالے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جن شہریوں کی ماہانہ آمدن 50 ہزار سے کم ہے وہ اس پروگرام کے اہل ہوں گے اور اہل صارفین کو کل خریداری کا 30 فیصد رعایت ملے گی جبکہ یہ رعایت آٹا، گھی یا تیل اور دالوں پر اہل صارفین کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کریانہ سٹور مالکان بھی اس پروگرام میں رجسٹر ہو سکتے ہیں جہاں سے اہل صارفین خریداری کریں گے۔ معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہیں۔