چوکیدار کی خودکشی ڈرامہ نکلا

چوکیدار کی خودکشی ڈرامہ نکلا، گھریلو ناچاقی پر قتل کا انکشاف

تھانہ پشتہ خرہ کی حدود میں کباڑ گودام کے چوکیدار کی مبینہ خودکشی ڈرامہ نکلی، مقتول کو سالے کی جانب سے گھریلو ناچاقی کی بناء پر قتل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے،مقتول کی بہن نے بھانڈا پھوڑ دیا جسکے بعد سالے سمیت تین ملزمان کو مقدمے میں نامزد کردیا گیا۔

کچھ روز قبل تھانہ پشتہ خرہ پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے مسماة نیاز بی بی زوجہ عیسیٰ خان بعمر 77 سال سکنہ ابدرہ حال شہیدآباد نے بتایا کہ وہ گھر میں موجود تھی جب اسے اطلاع ملی کہ شہید آباد میں اسکے بھائی اختر علی ولد سردار قوم خلیل عمر 40 سے 45 سال نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کرزندگی کا خاتمہ کردیا، انہوں نے بتایا کہ اس کا بھائی کباڑ کا کام کرتا تھا اور ساتھ ہی گودام کی چوکیداری بھی کرتا تھا ، چوکیداری کی وجہ سے اسکے پاس پستول بھی تھی جو جائے وقوعہ سے برآمد کی گئی تھی جسکے بعد پولیس نے روزنامچہ درج کر کے دریافت شروع کردی تھی۔

مزید پڑھیں:  روسی نائب وزیر دفاع رشوت لینے کے الزام میں گرفتار

یہ بھی پڑھیں:خزانہ : خاتون کے قتل کا ڈراپ سین، قاتلہ بھی خاتون نکلی

تاہم گزشتہ روز مقتول کی بہن نیاز بی بی نے حقائق سے پردہ چاک کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اسکے بھائی نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے قتل کیا گیا اور وجہ یہ تھی کہ وہ اپنی بیوی کو مارتا پیٹتا تھا جس کی وجہ سے اختر علی کی بیوی میکے چلی گئی تھی۔ اس کے سالے اجمل کو اس بات کا رنج تھا جس نے مبینہ طور پر دیگر ملزمان کی مدد سے اسے قتل کیا۔ پولیس نے ملزمان اجمل ولد طہماش، گوہر ولد جمیل اور رشید ولد ولایت شاہ ساکنان شہیدآباد پر دعویداری کے بعد انکے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

مزید پڑھیں:  چارسدہ، زبانی تکرار پر فائرنگ، ماں بیٹا جاں بحق، ملزم گرفتار