پشاور میں بارش

پشاور سمیت مختلف شہروں میں بارش ،موسم خوشگوار

پشاور اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث جاتی سردی لوٹ آئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔آج صوبہ کے تمام اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیا نی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے جبکہ کل بھی چترال، بالائی و زیریں دیر، ملاکنڈ، بونیر، سوات، شانگلہ ، بٹگرام، کوہستان، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہریپور،صوابی، باجوڑ اور مہمند کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔اس کے علاوہ ایک دو مقامات پر تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے جبکہ صوبہ کے باقی اضلاع میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:  انسانی حقوق سے متعلق امریکی رپورٹ پاکستان نے مسترد کر دی

دوسری جانب جڑواں شہروں میں صبح سویرے ہی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ اسلام آباد ہائی وے پر شدید ٹریفک جام ہو گیا۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری جاری ہے۔

مزید پڑھیں:  معاشی صورتحال میں بہتری اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، شہباز شریف

گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں 35 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ میں 24 ملی میٹر، مظفرآباد میں 21 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بالاکوٹ میں 10 ملی میٹر، پٹن میں 9 ملی میٹر، دیر میں 8 ملی میٹر، مالم جبہ، سیدو شریف میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔