اسلام آباد ہائیکورٹ

پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کیخلاف درخواست کی سماعت آج ڈویژن بینچ میں ہو گی

اسلام آباد:پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی مبینہ جانبداری کیخلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے خلاف جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی اکائونٹس کی طرح 17 سیاسی جماعتوں کے اکائونٹس کی اسکروٹنی سے انکاری ہے،درخواست گزار کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کچھ اکائونٹس کی اسکروٹنی کا سامنا ہے، فرخ حبیب نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دے رکھی ہے۔شاہ خاور ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں ان کا کیس سست روی کا شکار ہے، پی ٹی آئی کو باقیوں سے الگ کرکے ہماری چیزوں کو ہائی لائٹ کیا جاتا ہے۔عدالت نے کہا کہ یہی سوال آپ نے انٹرا کورٹ اپیل میں نہیں اٹھایا؟ وہ اپیل بھی آج لگی ہوئی ہے، انٹرا کورٹ اپیل کو ڈویژن بینچ سن رہا ہے اور آج ہی سماعت کے لیے فکس ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست پر سماعت آج ہی انٹراکورٹ اپیل کے ساتھ ہو گی۔

مزید پڑھیں:  شہدا اور غازیوں کی قربانیاں قوم کے دلوں میں نقش ہیں،بلاول بھٹو