ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے سندھ نے شدید گرم موسم سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی

پاکستان کے محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ اور ملک کے دیگر حصوں میں ہیٹ ویو کی وارننگ کے بعد، صوبائی محکمہ صحت نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے 24 گھنٹے کی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں ہیٹ ویو عالمی توقعات سے زیادہ ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے الرٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اتوار سے بالائی فضا میں ہائی پریشر کے زیر اثر ملک میں انتہائی گرم موسم آنے کا امکان ہے۔
سندھ میں ہیٹ ویو جامشورو، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، سانگھڑ، خیرپور، نوشہرو فیروز، دادو، سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، جیکب آباد، میرپورخاص اور عمرکوٹ کو متاثر کرے گی۔
ایمرجنسی کا اعلان کرنے کے علاوہ، محکمہ صحت نے سندھ بھر میں صحت کی سہولیات کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی۔
ایڈوائزری میں ایک طریقہ کار بیان کیا گیا ہے جس پر پورے صوبے میں عمل کیا جائے گا، محکمہ موسمیات کےمطابق لاڑکانہ میں پارہ 46، سکھر 44، فیصل آباد، سرگودھا اور جھنگ میں 43، حیدرآباد 41 جب کہ پشاور اور کراچی کا درجہ حرارت 40 ڈگری تک جا پہنچا ہے۔
اس کے علاوہ لاہورمیں 39 اور اسلام آباد میں پارا 38 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سندھ میں گرمی کی حالیہ لہر 16 مئی تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہوا کا زائد دباؤ ملک میں شدید گرمی کی لہر کا باعث بنا ہوا ہے، گرمی کی شدید لہر پورے سندھ میں پھیل گئی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ 11 سے 4 بجے کے دوران شہری باہرنکلنے میں احتیاط کریں۔

مزید پڑھیں:  درگئی: رکشہ اور موٹر سائیکل کے تصادم میں نوجوان جاں بحق