سربند میں نامعلوم افراد کی فائرنگ

پشاور:سربند میں نامعلوم افراد کی فائرنگ،سکھ برادری کے دو افراد قتل

پشاور: تھانہ سربند کی حدود بٹہ تل بازار میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد قتل ہوگئے، مقتولین کی شناخت 42 سالہ سلجیت سنگھ اور 38 سالہ رنجیت سنگھ کے ناموں سے ہوئی ہے۔حملے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی تلاش کا عمل جاری ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے پولیس نے اہم شواہد اکھٹے کرلیے ہیں۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق ملزمان تک پہنچنے کیلئے ہیومن انٹیلی جنس سے بھی استفادہ حاصل کیا جا رہا ہے، جلد ملوث ملزمان کو بے نقاب کر لیا جائے گا۔امدادی ٹیموں کے مطابق لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مقتولین کی بٹہ تل بازار میںمسالا جات کی دکانیں ہیں۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعہ کاسخت اظہار مذمت کرتے ہوئے نوٹس لے لیا اور آئی جی کے پی کو قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہاہے کہ اس بہیمانہ قتل میں ملوث عناصرکو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ واقعہ شہر کے پر امن ماحول اور بین المذاہب ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش ہے، صوبائی حکومت ایسی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

مزید پڑھیں:  فلسطینیوں کے حق میں احتجاج امریکہ سے یورپ تک پھیل گیا