حکمران اتحادمیں دراڑ، زرداری بھگائوتحریک کی دھمکی

اسلام آباد(مشرق رپورٹ)وفاق میں حکومتی اتحاد میں شامل اہم جماعت جمعیت علما اسلام،متحدہ قومی موومنٹ نے پیپلز پارٹی پرسندھ کے بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کاالزام لگاتے ہوئے اتحادپرنظرثانی کی دھمکی دیدی ہے جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی گلے شکوے کئے ہیں۔ لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل راشد محمود سومرو نے سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخاب میں پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے زرداری بھگا ئو سندھ بچا ئو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ راشد محمود سومرو نے کہا کہ ہم اس الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کے زخمی، ایف آئی آر والے معاملے کے بعد وفاقی اتحاد پر غور کریں گے۔مولانا فضل الرحمان تمام صورتحال سے واقف ہیں۔ ادھر بلدیاتی انتخابات اور اس کے نتائج پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایم کیوایم نے الزام عائد کیا ہے کہ جن حلقوں میں اس کے امیدوار جیت رہے تھے وہاں نتائج روکے گئے۔ سابق میئر کراچی اور ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر نے کہا کہ اب حد ہوگئی، معاہدے کی وجہ سے خاموش ہیں، اگر پیپلزپارٹی معاہدے سے منحرف ہوتی ہے توایم کیو ایم بھی بہادر آباد کو تالا لگا کر سڑکوں پرہوگی۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور گوادر سے آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی ایک دوسرے سے الجھ پڑے۔ گوادر سے آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے حکومت سے شکوے اور اتحادیوں کے ساتھ ناروا سلوک کو نا انصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم خدا کی قسم گزشتہ حکومت میں خوش تھے، آصف زرداری کی محبت میں ہم اس حکومت میں آگئے ہیں، پی ٹی آئی میں عزت نہیں تھی اربوں روپے کے فنڈزملتے تھے، ۔ اس دوران بلوچستان عوامی پارٹی کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خالد مگسی نے کہا کہ تبدیلی کا مقصد کچھ اورتھا لیکن اب کچھ اور نظر آ رہا ہے، اب بات کرتے ہیں تو منہ دوسری طرف کرلیتے ہیں، ہم توسمجھ رہے تھے تبدیلی نظرآئے گی۔خالد مگسی نے کہا کہ سوکھا اخلاق ہی دکھادیں، شکایتوں کوٹھیک کرلیں ابھی بھی وقت ہے اپنے رویوں کو درست کر لیں۔خدا کی قسم ہم پی ٹی آئی کے ساتھ خوش تھے، اربوں روپے کے فنڈز ملتے تھے موجودہ حکومت میں آئے تو کچھ نہیں ملا، ہم کسی کی محبت میں پی ٹی آئی چھوڑ کر یہاں آئے لیکن یہاں تو 2 ووٹوں سے قائم حکومت کی گردن میں سریا آ گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  سائفر کیس، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی اپیلوں پر سماعت آج ہوگی