نئے امیدواراتارنے کافیصلہ

پی ٹی آئی کا100حلقوں میں نئے امیدواراتارنے کافیصلہ

پشاور( نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات کے دوران خیبر پختونخوا میں نئے چہرے اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔

عام انتخابات میں 100سے زائد حلقوں پر پی ٹی آئی نئے امیدوار سامنے لاناچاہتی ہے ۔ صوبائی کابینہ میں شامل چند ارکان کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق صوبائی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے صوبہ بھر میں پارٹی ٹکٹ کے اجرا اور موزوں امیدواروں کی سکروٹنی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے پرویزخٹک پارٹی کے سرکردہ رہنمائوں سے مشاورت کررہے ہیں اورانہیں اعتماد میں لیاجارہاہے ۔

تحریک انصاف عام انتخابات میں نئے چہروں کے ساتھ اترنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے 115اور قومی اسمبلی کے 45 حلقے ہیں، تحریک انصاف قومی وصوبائی اسمبلی کے 160میں سے 100سے زائدحلقوں میں نئے چہرے میدان میں اتارنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔

مزید پڑھیں:  امریکہ چین کے ساتھ پائیدار بات چیت کیلئَے پرعزم ہے، انٹونی بلنکن

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں تیسری مرتبہ حکومت بنانے کیلئے پرامید ہے جبکہ ماضی کی نسبت اس بار صوبے میں پارٹی کی مکمل کمان پرویز خٹک کے سپرد کی گئی ہے ۔ پرویز خٹک نے چند حلقوں پر امیدواروں کو دوبارہ ٹکٹ جاری کرنے کے پیغام سے بھی آگاہ کر دیا ہے جبکہ ایسے منتخب ارکان جن کی کارکردگی سے پارٹی مطمئن نہیں انہیں بھی پیغام پہنچا دیا گیا ہے ۔

صوبائی کابینہ میں موجود چند ارکان کو صوبائی کی بجائے قومی اسمبلی کا ٹکٹ جاری کیا جائے گا جبکہ چند چہرے آئندہ انتخاب میں بلے کے نشان کے ساتھ نظر نہیں آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی منتخب امیدواروں کے حلقوں کی تبدیلی پر بھی کام کر رہی ہے اور کئی منتخب امیدوار دیگر حلقوں سے بھی انتخاب میں حصے لے سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  معاشی صورتحال میں بہتری اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، شہباز شریف

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پشاور میں 6ارکان کو ٹکٹ دوبارہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ باقی حلقوں پر مشاورت جاری ہے ۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے 74حلقوں پر تحریک انصاف کے ممبران منتخب ہوئے ہیں جبکہ 37قومی اسمبلی کے حلقوں پر پی ٹی آئی کے ارکان ہیں مجموعی طور پر 160حلقوں میں سے 111پر پی ٹی آئی کے ارکان منتخب ہوئے ہیں۔