مجبور کیا تو چپ نہیں رہوں گا،عمران خان

سب معلوم ہے، مجبور کیا تو چپ نہیں رہوں گا،عمران خان

اسلام آباد: (مشرق نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے معلوم ہے کیا سازش ہوئی اور کون کون ملوث ہے۔ ملک وقوم کا نقصان نہ ہو اِس لیے چپ ہوں لیکن اگر مجھے مجبور کیا گیا تو پھر چپ نہیں رہوں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 5جولائی کو مارشل لا لگاکر ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت ختم کی گئی، امریکا ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت سے خوش نہیں تھا، امریکا خوش نہیں تھا پاکستان ایک آزاد خارجہ پالیسی بنائے، ذوالفقارعلی بھٹو بھی پاکستان کو آزاد خارجہ پالیسی کی طرف لے جارہےتھے، آج وہ لوگ مسلط کیے گئے ہیں جن پر اربوں روپے کرپشن کے کیسز چل رہے ہیں، آصف زرداری کو مسٹر ٹین پرسنٹ کہاگیا، نوازشریف کی کرپشن پر فلمیں بنی ہوئی ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کا صرف ایک مقصد تھا کسی طرح این آر او مل جائے، ہماری حکومت میں معیشت بہتری کی طرف جارہی تھی، ہمارے دور میں ٹیکس کلیکشن میں ریکارڈ اضافہ ہورہاتھا،آج اس حکومت نے مہنگائی کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، ان لوگوں نے ہماری حکومت گرانے کے لیے این آر او حاصل کیا، ہمارے دور میں آئی ٹی کے شعبے میں ریکارڈ ترقی ہوئی، ان کا نظریہ پیسہ ہے، سازش کرنے والوں کو عوام قبول نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں:  ججز خطوط، اسلام آباد ہائیکورٹ کا مشترکہ ادارہ جاتی رسپانس دینے کا فیصلہ

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج سوشل میڈیا کا دور ہے کوئی بھی خبر نہیں روکی جاسکتی، ان لوگوں کو موقع ملے تو اسرائیل کو بھی تسلیم کر لیں، یہ کشمیریوں کی قربانیوں کو نظر انداز کر کے بھارت سے دوستی کر لیں گے، یہ امریکا کواڈے بھی دیں گے اورکسی نئی امریکی جنگ میں پڑجائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ سب کو معلوم ہے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی تیاری ہورہی ہے، ہر جگہ سے آوازیں آرہی ہیں انتظامیہ اِن کو الیکشن جتوانے میں ملوث ہے۔ اِن کی دھاندلی کے باوجود ہمیں اِن لوگوں کو ہرانا ہے، تمام اداروں سے درخواست ہے یہ ایک فیصلہ کن وقت ہے، یہ لوگ اپنی حرکتوں کی وجہ سے ملک کو انارکی کی طرف لے جارہے ہیں مجھ سمیت دیگر رہنماوں پر دہشتگردی کے مقدمات بنائے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  عمرایوب نے شہبازشریف کو کرائے کا وزیراعظم قرار دیدیا

مجھے معلوم ہے ساری سازش کیا ہوئی،تفصیل لکھ کر محفوظ رکھی ہے، میں نے ایک ویڈیو بھی بنائی ہوئی ہے، مجھے کچھ ہوا تو ویڈیو سامنے لائی جائےگی۔ ویڈیو میں بتایا ہے کیسے سازش ہوئی اور کون کون ملوث ہے۔ میں اِس لیے چپ ہوں کہ ملک و قوم کا نقصان نہ ہو لیکن اگر مجھے مجبور کیا گیا تو پھر چپ نہیں رہوں گا۔