مہنگے ترین جانوروں کی خریداری کا فیشن!

ہمارے ملک میں فیشن بنتا جا رہا ہے کہ لوگ دکھلاوے اور ریاکاری کے لیے مہنگے ترین جانور خرید کر بڑے فخر سے اس کی قیمت سب کو بتاتے پھرتے ہیں۔

اگر بالفرض اس میں ریاکاری نہ بھی ہو تو یہ کہاں کی عقل مندی ہے کہ آپ 10لاکھ کی 1گائے یا 2لاکھ کا ایک بکرا خریدیں، اگر اللہ نے آپ کو مال دیا ہے اور آپ قربانی کے عنوان پرمال خرچ کرنا چاہتے ہیں تو 10لاکھ کی ایک گائے خریدنے کی بجائے آپ 10لاکھ کی 10عمدہ و خوبصورت گائیں یا 40عمدہ بکرے خرید کر اللہ کے لیے قربانی کریں۔

آپ خود سوچیں کتنی بڑی قربانی ہو گی اور کتنے مستحقین کو کتنا فائدہ ہو گا۔ نیز ایک جانور کے جسم پرموجود بالوں کے بجائے اب 10یا 40جانوروں کے جسم پر موجود بالوں کے برابر آپ کو نیکیاں ملیں گی اور سب سے بڑھ کر یہ کہ مقابلے بازی اور ریاکاری کا یہ فیشن ختم ہو گا۔