افغان علماء کاریکارڈ

طالبان نے پاکستانی مدارس سے افغان علماء کاریکارڈمانگ لیا

ویب ڈیسک :افغانستان میں ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کیلئے گئے پاکستانی علماء کے سامنے افغان حکام نے پاکستانی مدرسوں میں چالیس سالوں سے زیر تعلیم اور فارغ التحصیل طلبہ کی فہرستیں مہیا کرنے کی درخواست کردی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی وفد کی جانب سے بعض پیچیدگیوں کی نشاندہی کردی گئی ہے تاہم اس پر پاکستان واپسی کے بعد غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق افغان حکومت نے کچھ عرصہ قبل وفاق المدارس کو ایک خط ارسال کیا تھا جس میں پاکستانی مدارس اور بالخصوص جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک میں گذشتہ چالیس سالوں میں اسناد لینے والے تمام فضلا ء کی تفصیل فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ مفتی تقی عثمانی کی سربراہی میں پاکستان سے افغانستان کے دورے پر گئے علماء کے سامنے بھی یہ درخواست رکھ دی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں پاکستانی وفد کے ساتھ افغانستان کے اعلیٰ تعلیم کے وزیر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ملاقات کی جس میں یہ درخواست دوبارہ علماء کے سامنے رکھ دی گئی ہے تاہم پاکستانی وفد کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ یہ مسئلہ بہت پیچیدہ ہے کیونکہ پاکستان میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے گذشتہ چالیس سال میں وفاق المدارس کے امتحانات دئیے ہیں جن کا ریکارڈ موجود ہے لیکن بہت سے طلبہ نے متعلقہ مدارس کے امتحانات پاس کئے ہیں جس کی بنیاد پر مذکورہ مدارس نے ان طلبہ کو اسناد جاری کی ہیں ۔ ان طلبہ کا ریکارڈ وفاق المدارس کے پاس موجود نہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ افغان حکا م پر واضح کردیا گیا ہے کہ پاکستان میں تقریبا23ہزار مدارس ہیں لیکن بہت سے مدارس غیر رجسٹرڈ ہیں جن میں افغان طلبہ نے تعلیم لی ہے۔
اس طرح سندھ اور پنجاب میں افغان طلبہ نے پاکستانی شناختی کارڈز پر داخلے لئے ہیں جبکہ بہت سے افغان طلبہ نے اپنے نام اور ایڈریس بدل کر اسناد لی ہیں اب اگر ایک جانب وفاق المدارس کے طلبہ کا ریکارڈ فراہم کر دیا جاتا ہے اور افغانستان میں وہ لوگ بھی واپس آجاتے ہیں جنہوں نے پاکستان میں وفاق المدارس کے امتحانات نہیں دئیے ہیں اور وہ اہلیت نہیں رکھتے ہیں.
اس قسم کے لوگوں کی افغانستان میں واپسی سے خرابیاں پیدا ہوں گی تاہم افغان حکام نے اس دلیل کے جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان سے جو بھی افغان علماء واپس آئیں گے ان سے ایک ٹیسٹ لیا جائے گا جس کے بعد افغانستان کی حکومت سے انہیں ایک سرٹیفکیٹ یا ڈپلومہ دے گی اس لئے جو بھی طالب علم اس میں فیل ہوگا انہیں سند نہیں دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  ایبٹ آباد، سکول ٹیچرز کو ڈیوٹی پر لے جانے والے ہائی ایس کو حادثہ، 15 زخمی