ہم روسی حملے ختم ہونے تک یوکرین کی حمایت جاری رکھیں گے، امریکا

ویب ڈیسک: امریکی وزیر خارجہ انٹونیو بلنکن نے روسی ہم منصب سرگئے لاوروف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کی ایجنڈے کے معاملات پر اہم بات چیت ہوئی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کی روسی ہم منصب سرگئے لاوروف سے روس یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی بار ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے۔ انٹونی بلنکن نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے مخلصانہ اور براہ راست بات کی ہے۔ انٹونی بلنکن نے نشاندہی کی کہ وہ روسی حملے ختم ہونے تک یوکرین کی حمایت جاری رکھیں گے۔ روسی وزیر خارجہ لاوروف کا بھی کہنا ہے کہ انہوں نے بلنکن کے ساتھ یوکرین کی صورتحال اور خوراک کے عالمی مسئلے پر فون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ لاوروف نے یوکرین کی سرزمین پر کئے گئے خصوصی فوجی آپریشن کی روشنی میں روس کے اصولی نقطہ نظر کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام اہداف کوپورا کیا جائیگا۔
دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور زیر حراست روسی اور امریکی شہریوں کے تبادلے پر "پرسکون سفارت کاری کے انداز میں پیشہ ورانہ بات چیت کو آگے بڑھانے” کی تجویز پیش کی گئی۔

مزید پڑھیں:  امریکی جامعات میں مظاہروں نے نیتن یاہو کے ہوش اڑا دیئے