یہ سیاست کا نہیں دکھی انسانیت کی خدمت کا وقت ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب نے ملک میں تباہی مچادی۔ یہ سیاست کا نہیں دکھی انسانیت کی خدمت کا وقت ہے۔ مخیر حضرات آگے بڑھیں اور سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے آج خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ ضلع چارسدہ کا دورہ کیا۔ چارسدہ سپورٹس کمپلیکس میں قائم امدادی کیمپ آمد پر وزیراعظم شہبازشریف نے سہولتوں کا جائزہ لیا وہاں پر مقیم سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ نوشہرہ اور چارسدہ سمیت پورے خیبرپختونخوا میں سیلاب سے بڑا نقصان پہنچا، لاکھوں گھر تباہ ہوگئے، کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ صوبے میں 242 افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔ سیلاب سے جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو10 لاکھ روپے اور 25 ہزار روپے فی کس دیئے جائیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سندھ، بلوچستان، خیبرپختوںخوا اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں کو سیلاب کا سامنا ہے۔ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے افواج پاکستان کےساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ متاثرین کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم سب مل کر اس آفت کا مقابلہ کریں گے۔ یہ سیاست کا نہیں دکھی انسانیت کا وقت ہے مخیر حضرات آگے بڑھے اور سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ نوشہرہ کا دورہ کیا۔ مردان پُل پر سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ حکام کی جانب وزیراعظم کو دریائے کابل میں سیلابی صورتحال اور امدادی کاروائیوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کوبلین ڈالرزکی نئی آئی ایم ایف قسط رواں ماہ ملنےکاامکان