ٹماٹر، پیاز ایران اور افغانستان سے درآمد کرنے کا فیصل

ٹماٹر، پیاز ایران اور افغانستان سے درآمد کرنے کا فیصلہ،ٹیکس کی چھوٹ

حکومت نے ٹماٹر، پیاز ایران اور افغانستان سے درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا، وفاقی کابینہ نے ٹیکس چھوٹ کی بھی منظوری دیدی، فیصلہ ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے کیا گیا ہے۔
ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ نے ایف بی آر کی پیاز، ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کی سمری کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے دی۔ البتہ بھارت سے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کا فیصلہ نہیں ہوا۔
کابینہ کی جانب سے پیاز اور ٹماٹر پر ٹیکس کی چھوٹ 31 دسمبر 2022 تک ہوگی۔
وزیر تجارت سید نوید قمر کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے دباوٴ ہے، قیمتوں میں استحکام کیلئے دو ملکوں سے بغیر ٹیکس کے ٹماٹر اور پیاز درآمد کی اجازت دی ہے۔
وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ ایران اور افغانستان سے درآمد نجی شعبہ کرے گا جس میں حکومت سہولت کاری کا کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سے درآمد سے متعلق باتیں سامنے آرہی ہیں اس حوالے سے فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کیا جائیگا اور یہ بھی دیکھا جائے گا کہ خارجہ پالیسی پر اس کے کیا اثرات پڑیں گے۔
واضح رہے کہ ملک کے چاروں صوبوں میں بارشوں اور سیلاب کے باعث تیار فصلیں اور زرعی اراضی مکمل تباہ ہوگئی ہے، جس کے بعد ملک میں سبزیوں اور بالخصوص پیاز، ٹماٹر کی قلت کا خدشہ ہے۔
وزارت تجارت نے اس خدشے کے پیش نظر افغانستان سمیت دیگر ممالک سے ٹماٹر اور پیاز درآمد کرنے کی اجازت دی اور بتایا کہ حالیہ بارشوں سے سبزیوں کی پیداوار متاثر ہونے اور مارکیٹ میں قلت کی صورتحال کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا۔
وزارتِ تجارت کے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ سیلاب اور بارشوں کے باعث پیاز اورٹماٹر کی فصل بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے آئندہ تین ماہ تک ٹماٹر اور پیاز کی قلت کا سامنا رہے گا۔

مزید پڑھیں:  معاشی صورتحال میں بہتری اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، شہباز شریف