میونسپل گرلزانٹرکالج

میونسپل گرلزانٹرکالج ‘ نئے بلاک کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں

ویب ڈیسک : میونسپل انٹر کالج کی عمارت انتہائی مخدوش ہوگئی عمارت کی دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں جو کسی بھی حادثہ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہیں جبکہ نامکمل فرنیچر اور ناقص مٹیریل کے استعمال نے بھی ترقیاتی فنڈز کے استعمال کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے.
میئر پشاور زبیر علی نے نے گزشتہ روز میونسپل انٹر کالج فار گرلز شاہی باغ کا دورہ کیا انتظامی ملازمین سمیت گرلز انٹر کالج کی پرنسپل نصرت مطلوب اور وائس پرنسپل قدسیہ فیاض بھی ہمراہ رہیں۔ اس موقع پر میئر پشاور نے 2021 میں نئے تعمیر ہونے والے بلاک کا مکمل جائزہ لیا اور اس کے درو دیوار میں جا بہ جا پڑنے والی دراڑوں،ناقص مٹیریل کے استعمال،نامکمل فرنیچر اور دیگر مسائل پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر سنجیدگی اور غیر ذمہ داری قرار دیا۔ میئر پشاور نے عمارت میں کلاس رومز اور بالخصوص لیب کا جائزہ لیا.
جہاں لیب کی حالت زار پر لیب اسسٹنٹ سے جواب طلب کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات سے منسلک محکمہ جات کے آفیسرز اور ذمہ داران کوقومی فنڈ کے ضیاع کو روکنے اور ایک سال میں بن کے بگڑنے والی بلڈنگز، گلیوں، سڑکوں کی مخدوش حالت کی تحقیقات کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیداروں کیخلاف سخت ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔
انکا کہنا تھا کہ انٹر کالج کو درکار فرنیچر کی کمی فوری طور پوری کی جائیگی اور عنقریب سولر سسٹم نصب کئے جائینگے تاکہ بچیوں کو گرمی میں بجلی لوڈشیڈنگ اورسردیوں میں ہیٹرز کے ذریعے سردی کی شدت سے محفوظ رکھا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ انٹر کالج میں بچیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ کینٹین میں سبسڈائز ریٹس پر کھانے پینے کی اشیافراہم کی جائیں۔ اس حوالے سے آنے والا خرچ میٹروپولیٹن گورنمنٹ برداشت کریگی۔ مئیر پشاور نے پرنسپل کو ہدایت کی کہ تمام کمیوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ تین دن میں ارسال کی جائے۔

مزید پڑھیں:  استور سے گلگت آنے والی گاڑی کو حادثہ ،خاتون جاں بحق ،دو افراد زخمی