مہنگائی سے بڑے شاپنگ مالز کا کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا

ویب ڈیسک : مہنگائی کے طوفان کی وجہ سے پشاور صدر اور یونیورسٹی روڈ پر بڑے شاپنگ پلازوں کا کاروبار بھی ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔بیشتر لوگ فوڈ آئٹمز کی خریداری کیلئے بھی پریشان ہیں جس کی وجہ سے گارمنٹس ودیگر اشیاء کی خرید وفروخت میں نمایاں کمی آگئی ہے ۔ اس صورتحال نے تاجر اورکاروباری طبقہ کو بھی پریشان کررکھا ہے ۔
ماہرین کے مطابق پٹرولیم مصنوعات اوربجلی کی قیمت بڑھنے سمیت ڈالر کی قدر میں اضافہ اور پیسہ کی قدر میں کمی کی وجہ سے ملک میں مہنگائی میں بڑا اضافہ ہوا ہے ، دوسری جانب نان فوڈ آئٹمز پر جنرل سیلز ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز لگائے گئے ہیں جس کی وجہ سے گارمنٹس، کاسمیٹکس اوردیگرنان فوڈآئٹمز کی قیمتوں کو جیسے آگ لگ گئی ہوجس کی وجہ سے یہ اشیاء غریب ومتوسط طبقوں کی دسترس سے تقریبا باہرہوچکی ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ بیشتر لوگوں نے بازار اور مارکیٹس جانا بھی بند کردیا ہے ۔حکومت کی جانب سے فوڈآئٹمز پر بھی جنرل سیلزٹیکس خصوصاامپورٹڈفوڈ آئٹمز پر ڈیوٹی ودیگر ٹیکسوں کی وجہ سے ان کی قیمتیں کئی گنا بڑھ چکی ہیں اور بیشتر شہری صرف ضرورت کی چیزوں کی خریداری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پی آئی اے نجکاری :8کاروباری گروپس کا اظہار دلچسپی