پشاورمیں سٹریٹ کرائمز روک تھام’3مختلف ٹیمیں تشکیل

ویب ڈیسک : پشاور میں بڑھتے ہوئے سٹریٹ کرائمز ،منشیات سپلائی اورکارلفٹنگ کی روک تھام کیلئے پولیس کی 3الگ الگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جنہیں راہزنی کی وارداتوں میں ملوث گینگز کی چھان بین و گرفتاری، منشیات سپلائی اور گاڑیوں کی چوری کے تدارک کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ۔ان جرائم میں ملوث عناصر کیخلاف مربوط کارروائیوں کیلئے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو وارننگ جاری کردی گئی جبکہ ان وارداتوں کی روزنامچہ کی بجائے ایف آئی آرزدرج کرنے کا بھی حکم دے دیا گیا ہے ۔
اس ضمن میں ایس ایس پی آپریشنز پشاور کاشف آفتاب عباسی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ پشاور میں سٹریٹ کرائمز روک تھام کیلئے پولیس لائنز پشاور میں انٹی وائلنٹ کرائم کے نام سے ٹیم تشکیل دی ہے جس سے ان وارداتوں میں نمایاں کمی آئے گی،پشاور کے چاروں ڈویژنز کے اندر انٹی سنیچنگ ٹیموں کو از سر نو تشکیل دیا گیاہے اور متعلقہ ایس پیز کو سٹریٹ کرائمز میں ملوث گینگز کیخلاف مربوط کاروائیاں کرنے کے احکامات ہیں۔اسی طرح سیکورٹی برانچ کے ذریعے سٹریٹ کرائمزمیں ملوث عناصر کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کرنے سمیت ان کی تصاویروغیرہ کا مکمل ریکارڈبھی رکھا جائے گا۔ان کا کہناتھا کہ سٹریٹ کرائمز میں غیر رجسٹرڈ اور چوری کی موٹرسائیکلیں استعمال ہورہی ہیں۔
تمام تھانوں کو وارننگ دی ہے کہ اگر کسی دوسری ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سٹریٹ کرائمز میں ملوث ملز م کو گرفتار کیا تو وہ ملزم کو اسی تھانے کے حوالے کرینگے اور ایسی صورت میں متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت تمام عملہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

مزید پڑھیں:  جسٹس منیب اختر کل بطور قائم مقام چیف جسٹس حلف اٹھائیں گے