سی پیک میں مزید 4 راہداریوں کو شامل کیا جا رہا ہے ،چینی قونصل جنرل

ویب ڈیسک :چین کے قونصل جنرل عائو شیرین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک)میں مزید4 راہداریوں کو شامل کیا جا رہا ہے۔عائو شیرین نے کہا کہ اس پیش رفت کے حوالے سے پاکستان اور چین نے وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کے دوران اتفاق کیا تھا۔کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 20 ویں کانگریس میں اپنائی گئی پالیسیوں کے اثرات کے بارے میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شہباز شریف کے پہلے دورے کو انتہائی تعمیری اور کامیاب قرار دیا جہاں دونوں فریقین نے سی پیک میں 4 نئے کوریڈورز (ڈیجیٹل، صنعت، گرین انرجی اور صحت)کو شامل کرنے پر اتفاق کیا۔
ماضی قریب میں سی پیک پر کام کی رفتار سست ہونے کے بارے میں سوالات کے جواب میں سفارت کار نے کہا کہ وہ اس کے لیے چین یا پاکستان میں کسی کو مورد الزام نہیں ٹھہرائیں گے لیکن وہ پاکستانیوں کو یقین دلا سکتے ہیں کہ اب معاملات تیزی سے آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے چین اور پاکستان دونوں کو فائدہ ہو گا لیکن اس کا زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا، انہوں نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ اس منصوبے میں ان کی حیثیت ڈرائیور کی ہے، اس لیے انہیں ان منصوبے کو اپنانا چاہیے جب کہ چین اس سلسلے میں انہیں سہولیات فراہم کر سکتا ہے۔خارجہ امور کے ماہر محمد مہدی نے افسوس کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے سی پیک کا پہلا فیز تاحال مکمل نہیں ہو سکا��
انہوں نے کہا کہ منصوبے کو نقصان سے بچانے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں آئندہ انتخابات میں اپنے منشور میں سی پیک کی تکمیل کا وعدہ کریں۔سابق ایڈیشنل سیکریٹری نذیر حسین،پنجاب یونیورسٹی سے وابستہ ڈاکٹر امجد مگسی،برطانوی یونیورسٹی سے وابستہ ڈاکٹر خالد جلال ،ڈاکٹر قیس اسلم، ڈاکٹر وحید احمد خان، طیب اعجاز قریشی، سجاد میر، جاوید نواز، یاسر حبیب، ڈاکٹر حسین پراچا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزید پڑھیں:  پشاور، 19 مئی عزہ ملین مارچ کی قیادت امیر حافظ نعیم الرحمان کریں گے