امریکا سیکیورٹی اہلکار

امریکاکے سینکڑوں سیکیورٹی اہلکارانتہا پسند گروپ کاحصہ بن گئے

ویب ڈیسک :خود کو امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی یا اس سے منسلک ایجنسیوں کے موجودہ یا سابق ملازمین کہنے والے300سے زیادہ لوگوں کے دائیں بازو کے انتہا پسند گروپ کے رجسٹرڈ کارکن ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ میڈیا نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق’اوتھ کیپرز’ نامی گروپ ایک حکومت مخالف ملیشیا ہے جس کے رہنماں کو امریکی حکومت کے خلاف پرتشدد مظاہرے کرنے کے جرم میں سزا سنائی گئی ہے جس کے ساتھ ان 300 سے زیادہ لوگوں کی وابسگتی کا انکشاف ہوا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اوتھ کیپرز میں سے دو تہائی سابق فوجی یا قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار ہیں اور ان افراد میں سے ہر دسواں شخص آن ڈیوٹی اہلکار ہے۔انتہا پسند گروپ کے بانی ایلمر اسٹیورٹ روڈز اور دیگر رہنما صدر جو بائیڈن کو حلف اٹھانے سے روکنے کے ارادے سے امریکی کانگریس پر جنوری 2021 میں کیے گئے حملے میں حصہ لینے کے الزام میں بھی مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پروجیکٹ کی رپورٹ کے مطابق اوتھ کیپرز میں ایک وہ اہلکار بھی شامل ہے جو یو ایس سیکرٹ سروس میں 20 سال تک بطور خصوصی ایجنٹ شامل تھا جس نے 2 صدور کے ساتھ سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔
رپورٹ کے مطابق ان افراد میں ایک وہ شخص بھی شامل تھا جس نے اپنے بارے میں بتایا کہ وہ حاضرسروس سپروائزری بارڈر پیٹرول ایجنٹ ہے جب کہ ایک دوسرے شخص نے اپنے بارے میں بتایا کہ وہ ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن ہیڈ کوارٹر کے آئی ٹی شعبے میں آن ڈیوٹی ملازم ہے۔ہاس ہوم لینڈ سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ بینی تھامسن نے آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پروجیکٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے انکشافات پریشان کن ہیں حکومت کے اندر انتہا پسندی ہمیشہ تشویش ناک ہوتی ہے
لیکن اس سے بھی زیادہ تشویشناک اور الارمنگ صورتحال اس وقت ہوتی ہے جب کہ یہ انتہا پسندی قانون نافذ کرنے والے اداروں یا ایسے محکموں سے ہو جن کا تعلق قومی سلامتی سے منسلک ہے،اوتھ کیپرز کے مرکزی رہنما نے 2009 میں بلاگ پوسٹ لکھا تھا کہ اندر کے لوگ اندرون خانہ ہونے والے واقعات بے نقاب کرنے کے لیے معلومات فراہم کر سکتے ہیں اور کر تے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ہر وقت وفاقی افسران سے بہت زیادہ معلومات مل رہی ہیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور، محکمہ تعلیم میں مختلف کیڈر کی 12 ہزار سے زائد آسامیاں خالی ہونے کا انکشاف