سٹاک مارکیٹ

پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعدسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی

ویب ڈیسک :وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی جانب سے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر پنجاب کو بھیجے جانے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حصص کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ کے ایس ای-100 انڈیکس کاروبار کے آغاز ہوتے ہی صبح 11 بجے 36 منٹ پر 367 پوائنٹس یا 0.9 فیصد کمی کے بعد 40 ہزار 437 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ایکویٹی رضا جعفری کے مطابق پنجاب میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے انڈیکس دبائو رہا ہے۔
دلال سیکیورٹیز کے سی ای او صدیق دلال نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے ڈالر آنے کے باوجود کاروبار پر مثبت اثر ہونا چاہیے تھا، لیکن پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی ہدایات کے بعد دوبارہ غیر یقینی کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد غیر یقینی کی کیفیت رہے گی۔ وفاقی حکومت کو بھی قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے اور نویں جائزہ قسط کو مکمل کرنے کے لیے نگران حکومت، آئی ایم ایف سے مذاکرات کا اختیار نہیں رکھتی۔ ان کا کہنا تھا کہ آخری تجارتی دن کی وجہ سے ہمیں منافع کی توقع تھی لیکن اب مندی میں مثبت رجحان برقرار نہیں رہ سکتا۔

مزید پڑھیں:  عمران خان نے سعودی عرب سے متعلق بیان پر سرزنش کی،شیر افضل