نیب کے عقوبت خانے

دعا ہے دشمن بھی نیب کے عقوبت خانے میں نہ جائے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیب نے چن چن کر بےگناہ لوگوں پرکیسز بنائے، دعا ہے کہ نیب کے عقوبت خانے میں دشمن بھی نہ جائے۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق لاہور میں باب پاکستان کی تعمیر اور والٹن روڈ توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ باب پاکستان کا منصوبہ پوری دنیا کو قیام پاکستان کی تاریخ بتائے گا، نوازشریف نے 1991میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، قائداعظم بھی باب پاکستان کے مقام پر تشریف لائے تھے، قیام پاکستان کے وقت مہاجرین ہندوستان سے ہجرت کرکے اس مقام پر آئے تھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ باب پاکستان منصوبے کو بیدردی سے خراب کیا گیا،اربوں روپے دفن ہوچکے، 2008 میں بتایا گیا کہ باب پاکستان منصوبے کی یاد گار کیلئے 90 کروڑ رو پے کا ماربل لگایا جائیگا، 110 کروڑ روپے باب پاکستان منصوبے میں دفن ہو چکے، نیب نے کبھی باب پاکستان منصوبے میں غبن کرنے والوں کا احتساب کیوں نہ کیا؟ یہ دوہرا معیار ہے، جس نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بے شمار منصوبوں میں قوم کے اربوں کھربوں روپے دفن ہو گئے لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی، مشکل دور سے گزر رہے ہیں، مجھ سمیت اشرافیہ قربانی دینی ہو گی تبھی ملک ترقی کرے گا، ہمیں ملکر پاکستان کو مشکلات سے نکا لنا ہو گا۔
اپنی تقریر میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میری دعا ہے نیب کے عقوبت خانے میں دشمن بھی نہ جائے، پچھلی حکومتوں میں انصاف کا قتل کیا گیا، بے گناہ لوگوں کو نیب کے عقوبت خانے میں بھیجا گیا، چن چن کر بے گناہ لوگوں کے خلاف بے بنیاد کیسز بنائے گئے.

مزید پڑھیں:  تحریک انصاف جلسے کا مقام ایک بار پھر تبدیل کر دیا گیا