جیل بھروتحریک

جیل بھروتحریک میں خواتین وغریب کارکنوں کو گرفتار نہ کیا جائے، وزیرداخلہ

تحریک انصاف کی جیل بھروتحریک سے متعلق وفاقی وزیرداخلہ راناثنااللہ نے ہدایت کی ہے کہ خواتین اور غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کیا جائے۔
ویب ڈیسک:وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کی زیرصدارت ملک میں امن وامان کی صورتحال کےحوالے سے اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اوراسلام آباد کے آئی جیز سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کی جیل بھروتحریک کے تناظرمیں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائیگا اور قانون توڑنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن دشمنوں کا ریکارڈ رکھا جائے اور اسے ان کے کیریکٹر سرٹیفکیٹ میں واضح کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ تحریک کے اصل مقاصد ایک ڈرامہ رچانا اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنا ہے، تحریک کا مقصد امن وامان کی صورتحال متاثر کرنا اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ قانون توڑنے والوں کے خلاف شواہد اکٹھے کرکے عوام کے سامنے لائے جائیں، خواتین اور غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا کابینہ میں رد و بدل اور توسیع متوقع