چارسدہ، دو واقعات میں 2 خواتین جاں بحق ہو گئیں

ویب ڈیسک: تھانہ سرڈھیری کی حدود میں پیشی سے واپس جانیوالی ماں بیٹی پر مخالفین کی فائرنگ، ماں جاں بحق جبکہ بیٹی بال بال بچ گئی، تیبانہ ڈھیری میں گھریلو جھگڑے پر شادی شدہ خاتون نے خود کو گولی مارکر اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔ واقعات کے مطابق مقتولہ زوجہ حمید خان کی بیٹی مسماة کائنات ساکن غریب آباد نے سرڈھیری تھانے میں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ جوڈیشل کمپلیکس چارسدہ میں اپنے بھائیوں کی پیشی پر والدہ کے ساتھ ملنے آئی تھی جب ہم جوڈیشل کمپلیکس سے واپس گھر جا رہی تھیں
تو غنڈہ کرکنہ کے قریب ملزمان اسد، بشیر، قدیم پسران کریم ساکنان غریب آباد نے ہم پر فائرنگ کی جس سے والدہ موقع پر جاں بحق ہوگئیں جبکہ وہ بال بال بچ گئی، پولیس نے رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ دوسرے واقعے میں تھانہ خانمائی کی حدود تیبانہ ڈھیرے میں شادی شدہ خاتون نے گھریلو جھگڑے پر خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔ واقعے کی رپورٹ متوفیہ کے شوہر مدثر شاہ نے تھانہ خانمائی میں درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ گھر میں موجود تھے کہ ان کی بیوی نے باتھ روم کے اندر خود پر پستول سے فائر کیا اور موقع پر جاں بحق ہو گئی۔ انہوں نے خود کشی کی وجہ گھریلو جھگڑے بتائی، پولیس نے رپورٹ درج کر لی۔

مزید پڑھیں:  فلسطینی دھڑوں حماس اور فتح کا اختلافات ختم کرنے کا عزم