یوم پاکستان قرارداد

امریکی ایوان نمائندگان میں یوم پاکستان منانے کی تاریخی قراردادپیش

ویب ڈیسک:پاک-امریکا تعلقات کی تاریخ میں پہلی بار 23 مارچ 2023 کویوم پاکستان کے طور پر منانے کے حوالے سے اہم قرارداد امریکی ایوان نمائندگان میں پیش کردی گئی۔یہ قرارداد کانگریس کے رکن جمال بومن نے پیش کی جس کا مقصد امریکا میں پاکستانی-امریکی کمیونٹی کے کردار کا اعتراف کرنا ہے۔ ایوان نمائندگان میں پیش کی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے لیے یہ مناسب اور مطلوب امر ہے کہ وہ ان افراد کو خراج تحسین پیش کرے جو ثقافتی تنوع کو فروغ دیتے ہوئے امریکا میں موجود مختلف کمیونٹیز کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنا رہے ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یوم پاکستان ایک ایسا بہترین موقع فراہم کرتا ہے
جس کے ذریعے امریکا کے باشندے پاکستانی ورثے کے بارے میں اپنی آگاہی میں اضافہ کر سکتے ہیں اور آنے والی نسلوں میں اس تاریخی ثقافت کے بارے میں معلومات کو فروغ دے سکتے ہیں۔امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے قرارداد پیش کرنے پر رکن کانگریس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی بلکہ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں بھی مدد ملے گی۔امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے مزید کہا کہ 23 مارچ 2023 کو یوم پاکستان کے طور پر تسلیم کرنا اور پاک-امریکی شہریوں کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا امریکا تعلقات کی اہمیت اور ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا مظہر ہے۔

مزید پڑھیں:  عالمی ایک روزہ رینکنگ میں بابر اعظم کی بادشاہت برقرار