دوسرا ٹی 20، جنوبی افریقہ نے پہلے میچ کی شکست کا بدلہ چکا دیا

ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹی 20 میچ میں میزبان جنوبی افریقہ نے پہلے میچ کی شکست کا بدلہ لیتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ دونوں ٹیمیں ٹی 20 فارمیٹ میں سب سے زیادہ ٹوٹل بنانے والی لسٹ میں شامل ہو گئی ہیں۔ سپر سپورٹ پاک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 258 رنز بنائے، یہ ٹی 20 فارمیٹ میں آٹھواں سب سے زیادہ ٹیم ٹوٹل ہے۔ جانسن چارلس نے 11 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے صرف 46 گیندوں پر 118 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ کائل میئرز 27 گیندوں پر 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ روماریو شیفرڈ 18 گیندوں پر 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ مارکو جانسن نے 3 اور وائن پرنل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے پہاڑ جیسا ٹارگٹ 7 گیندوں پہلے ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ وکٹ کیپر بلے باز اوپنر کوئنٹن ڈی کوک نے 44 گیندوں پر 100 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ ریزا ہینڈرکس نے 28 گیندوں پر 68 رنز بنائے۔ کپتان ایڈن مرکرم 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ نے 18.5 اوورز میں 259 رنز بنا کر میچ جیت لیا جو اس فارمیٹ میں چھٹا سب سے زیادہ ٹیم ٹوٹل ہے۔ ڈی کوک پلیئر آف نے میچ قرار پائے۔ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  چوتھا ٹی 20، شاہین کیویز پر جھپٹنے کیلئَے تیار، میدان آج سجے گا