پاکستان شاہین کے بلے باز عمیر بن یوسف نے تاریخ رقم کر دی

زمبابوے کے دورے پر موجود پاکستان شاہینز کے مڈل آرڈر بلے باز عمیر بن یوسف نے زمبابوے اے کے خلاف ڈبل سنچری رنز بنا کر تاریخ رقم کر دی۔ یہ پاکستان اے یا پاکستان شاہینز کی طرف سے کھیلتے ہوئے کسی بھی پاکستانی بیٹر کا فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی سکور ہے۔ عمیر بن یوسف نے زمبابوے اے کے خلاف 250 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے عمیر نے 1 چھکے اور 27 چوکوں کی مدد سے 342 گیندوں پر 250 رنز بنائے ان کا اسٹرائیک ریٹ 73.09 رہا۔ اس سے قبل 1997 میں سلیم الہی نے پاکستان اے کی طرف سے ووسٹر شائر کے خلاف کھیلتے ہوئے229 رنز بنائے تھے۔ عمیر بن یوسف اس سے پہلے بھی لمبی اننگز کھیل چکے ہیں اور 2019 میں انہوں نے سندھ کی طرف سے کھیلتے ہوئے خیبر پختونخوا کے خلاف 174 رنز بنائے تھے۔ 24 سالہ عمیر بن یوسف ان خوش قسمت کرکٹرز میں شامل ہیں جنہیں اپنے اولین فرسٹ کلاس میچ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے ۔ یہ سنچری انہوں نے 2018 میں کراچی وائٹس کی طرف سے زرعی ترقیاتی بینک کے خلاف اسکور کی تھی۔ عمیر فرسٹ کلاس کیریئر میں صرف 38 میچز میں 38.98 کی اوسط سے 2 ہزار 339 رنز بنا چکے ہیں جس میں 8 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ عمیر نے رواں سال اپنا پاکستان سپر لیگ کا ڈیبیو بھی کیا ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جانب سے کھیلتے ہوئے ملتان سلطان کے خلاف 11 مارچ 2023 کو اپنے ڈیبیو میچ میں 67 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں:  کیربینز کیخلاف ناقص کارکردگی، نئی ویمنز سلیکشن کمیٹی تشکیل