چوتھے ون ڈے میں بھی کامیابی

پاکستان نے چوتھے ون ڈے میں بھی کامیابی اپنے نام کر لی، نیوزی لینڈ کو 102 سے شکست

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چوتھے ون ڈے میچ میں بھی ہرا دیا۔ کپتان بابر اعظم کی شاندار سنچری نے گرین شرٹس کی 102 رنز سے کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر ایک بار پھر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنا لئے۔ کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 117 گیندوں پر 107 رنز بنائے۔ آغا سلمان 58، شان مسعود 44، افتخار 28 اور محمد رضوان 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میچ کی خاص بات شاہین آفریدی کی آخری اوور میں دھواں دھار بلے بازی تھی انہوں نے 7گیندوں میں 23 رنز بنائے آخری اوور میں شاہین نے 3 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 3، بین لیسٹر اور ایش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 232 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ کپتان ٹام لیتھم 60، مارک چیپمین 46 اور ڈیرل مچل 34 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے اسامہ میر نے 4، وسیم جونیئر نے 3، حارث رؤف نے 2 جبکہ شاہین آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔ پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان کو 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  عالمی ایک روزہ رینکنگ میں بابر اعظم کی بادشاہت برقرار