آرمی چیف

ٹھوس شواہدکے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے نام پر چھپنا بے سود ہے، آرمی چیف

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ نو مئی کے ناقابل تردید شواہد کے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے نام پر چھپنا بے سود ہے۔
ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور یوم سیاہ سانحہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی۔
کانفرنس کے شرکاء نے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھانے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کیخلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے، افواج پاکستان ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء کو بتایا گیا کہ حملہ کرنے والوں کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ آئین پاکستان کے تحت کارروائی ہو رہی ہے، ملزموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، مخالف قوتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر جعلی پراپیگنڈے کے ذریعے انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں جس کا مقصد ملک اور مسلح افواج کو بدنام کر کے مذموم سیاسی مفادات کا حصول ہے، قوم کے بھرپور تعاون سے تمام تر ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز پر حملے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا ہے، کثرت سے جمع کیے گئے ناقابلِ تردید شواہد کو نہ جھٹلایا اور نہ ہی بگاڑا جا سکتا ہے، رِیاست پاکستان اور مسلح افواج شہداء اور ان کے اہلخانہ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، لازوال قربانیوں کو ہمیشہ سراہتے رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج کا آپس میں گہرا تعلق ہے جو قومی سلامتی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، 25 مئی کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت افواج پاکستان اور عوام میں گہرے تعلق کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ نو مئی کے ناقابل تردید شواہد کے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے نام پر چھپنا بے سود ہے

مزید پڑھیں:  4 سالوں میں 5 لاکھ اسلحہ لائسنس جاری، ریکارڈ کی چھان بین شروع